حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امبیڈکر نگر جلالپور/ گزشتہ کئی سالوں کی طرح اس سال بھی گیٹ ویل چیریٹیبل جلالپور کی جانب سے ضرورت مند خانوادوں میں رمضان کٹس تقسیم کی گئیں۔ چیریٹیبل کے کنوینر مولانا عقیل عباس زینبی نے کہا کہ یہ تنظیم گزشتہ کئی سالوں سے مختلف شعبوں میں معاشرے کے بے سہارا غریب خانوادوں کی مدد کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی ہمارے معاشرے میں بہت سے ایسے گھرانے موجود ہیں جنہیں افطار صحیح سے نہیں ملتی اور اس کے باوجود وہ طرح طرح کے مسائل کا سامنا کرنے کے باوجود روزہ رکھتے ہیں ماہ رمضان کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دین اسلام میں ماہ رمضان کی بہت اہمیت ہے اور اس مہینے میں لوگ زیادہ سے زیادہ تعاون کرنے کی کوشش بھی کرتے ہیں۔ اس مہینے میں لوگ اپنی استطاعت کے مطابق زکوٰۃ، صدقہ، فطرہ وغیرہ کی صورت میں غریب اور بے سہارا خانوادوں کی زیادہ سے زیادہ مدد کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
چیریٹیبل میں خدمات انجام دے رہے محمد علی نے کہا کہ تنظیم گزشتہ کئی سالوں سے ضرورت مندوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اس طرح کے مختلف کام کر رہی ہے جس کا مقصد معاشرے میں رہنے والے غریب اور بے سہارا خاندانوں کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرنا ہے۔ رمضان کٹ میں آٹا، چاول، تیل، دال، چینی، چائے کی پتی، کھجور وغیرہ شامل ہیں۔
صحت کے موضوع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ صحت کے شعبے میں گزشتہ کئی سالوں سے ذات پات اور مذہب سے بالاتر ہو کر ضرورت مندوں کی خدمت کر رہا ہے حال ہی میں عوام کی خدمت کے لیے ایک ایمبولینس بھی خریدی گئی ہے جس کا کرایہ ڈیزل، مینٹیننس اور ڈرائیور کا خرچہ ہے کیونکہ ایسے لوگوں کی مدد کرنا خدا کی عبادت کے مترادف ہے اور اس کا ایک مقصد باہمی بھائی چارے کا پیغام لوگوں تک پہنچانا ہے۔
اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ معاشی طور پر کمزور لوگ افطار سے محروم نہ رہیں چیریٹی نے فیصلہ کیا کہ ایسے مقدس مہینے میں ایسی کٹس بھی تقسیم کی جائیں جیسا کہ گزشتہ کئی سالوں سے کی جا رہی ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ اتنی بڑی آبادی میں یہ دو سو کٹس کافی نہیں ہے بلکہ مزید لوگوں کو اس قسم کی خدمات کو انجام دینے کی اشد ضرورت ہے۔